اسلام آباد:قومی اسمبلی کا طویل ترین اجلاس 5 جون سے شروع ہوگا،اجلاس مسلسل سوا 2 ماہ تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس مسلسل چلانے کا مقصد پارلیمانی سال کو قواعد کے مطابق مکمل کرنا ہے،اب تک اجلاس کی پارلیمانی کارروائی کے مطلوبہ 130 دن پورے نہیں ہوئے،پارلیمانی ایام پورے کرنے کی غرض سے اجلاس کو 5 جون تا 12 اگست تک چلایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے بھی پارلیمانی سال مکمل نہ ہونے کا شکوہ تحریری طور پر کیا گیا۔ یادر ہے کہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف سپیکر قومی اسمبلی کو اس حوالے سے خط بھی لکھ چکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق 5 جون سے شروع ہونے والے اجلاس میں بجٹ بھی پیش کیا جائے گا، کورونا کے پیش نظر اجلاس میں شرکت کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہوگابجٹ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان بھی شریک ہونگے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران حکومتی ارکان کو اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ،جن ارکان کو نزلہ، زکام یا بخار جیسی علامات ہونگی وہ اجلاس میں شرکت نہ کریں، اجلاس میں شرکت سے قبل خودکار میشن کے ذریعے ٹمپریچر بھی چیک ہوگااجلاس میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے اصول پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ارکان کو اپنے کورونا ٹیسٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ۔
