حکمران جماعت ہارے ہوئے لوگوں کونوازنے سے باز رہے، 8 جون کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ،  متحدہ اپوزیشن

حکمران جماعت ہارے ہوئے لوگوں کونوازنے سے باز رہے، 8 جون کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ، متحدہ اپوزیشن

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

کوئٹہ( کوہ یار نیوز )بلوچستان اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ حکمران جماعت بجٹ میں ہارے ہوئے لوگوں کونوازنے کے غیر جمہوری عمل سے باز رہے ، ایسے کسی بھی غیرقانونی عمل کو روکنے کیلئے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ تمام حلقوں میں برابری کی بنیاد پر ترقیاتی عمل کو یقینی بنانے کے آئینی قانونی حق کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ کی صدارت بلوچستان اسمبلی میں متحدہ حزب اختلاف کے اراکین کے ہونیوالے اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ و چیف آف سراوان نواب محمد اسلم رئیسانی ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی ، قائمہ کمیٹی برائے پی ایچ ای کے چیئرمین مولوی نور اللہ ، قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین عبدالواحد صدیقی ، قائمہ کمیٹی برائے سماجی بہبود کے چیئرمین احمد نواز بلوچ ، حاجی محمد نواز خان کاکڑ ، ثناءبلوچ اور اصغر علی ترین نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ بجٹ 2020-21 میں متحدہ اپوزیشن کو مکمل اعتماد میں لیکر تمام انتخابی حلقوں کو برابری کی بنیاد پر ترقیاتی عمل کو یقینی بنانے کے آئینی قانونی حق کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی اجلاس میں حکومت پر واضح کیا گیا کہ صوبے میں حکمران جماعت کے ہارے ہوئے لوگوں کے غیر آئینی ، غیراخلاقی اور غیر قانونی طریقے سے آنے والے بجٹ میں نوازنے کے غیر جمہوری عمل سے باز رہا جائے ، ایسے کسی بھی غیرقانونی عمل کو روکنے کیلئے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ صرف اپوزیشن لیڈر ہی بجٹ سے متعلق معاملات میں کسی سے مذاکرات اور گفت وشنید کریں گے اس سلسلے میں متحدہ اپوزیشن کے تمام ارکان کا اعتماد ان کو حاصل ہوگا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ اپوزیشن کا آئندہ اجلاس پیر 8 جون کو شام چار بجے بلوچستان اسمبلی میں ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے ملک بھر میں پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور بلوچستان میں وباءسے نمٹنے کیلئے مطلوبہ انتظامات کے فقدان کی مذمت کی گئی اور ٹڈی دل کی وباءسے بلوچستان کے کاشتکاروں کے نقصانات کا فوری طور پر تخمینہ لگاکر کاشتکاروں کے نقصانات کا مداوا کرنے پر زور دیا گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!