دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں بھی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔آج (6 جون کو) جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مزید 5080 نئے کیسز اور 75 اموات کی تصدیق کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 96 ہزار جبکہ اموات ایک ہزار 974 ہوگئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں 4 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 86 کا اضافہ ہوا تھا۔ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کافی کم تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی آئی اور اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور 26 سے 31 مارچ تک پاکستان میں متاثرین کی تعداد 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اس عرصے میں 26 اموات ہوئی تھیں۔تاہم اپریل میں صورتحال کچھ مختلف رہی، اس دوران متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 385 ہوگئی تھیں۔بعد ازاں مئی کے مہینے میں صورتحال تبدیل ہوئی اور اس ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہو نے کے بعد کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔علاوہ ازیں جون کی ابتدا سے صورتحال مزید تشویشناک موڑ اختیار کررہی ہے اور 5 روز میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور 379 اموات کا اضافہ ہوا۔
