کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے گیارہ اضلاع سے کورونا کے 183 نئے مریض سامنے آگئے ،صوبے میں کورونا سے مزید دو مریض دم توڑ گئے ۔ محکمہ صحت بلوچستان کے جاری رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے گیارہ اضلاع سے کورونا سے متاثرہ 183 نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مصدقہ تعداد 9817 ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد110 ہے، لسبیلہ سے 26 اور خضدار سے 13 مریض سامنے آئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں بدھ کے روز کوروناسے مزید دو مریضوں کے انتقال سے صوبے میں کورونا سے ہونے والے اموات کی مصدقہ تعداد 108ہوگئی جبکہ کورونا کے شبہ میں اب تک 75 مشتبہ مریض بھی جاں بحق ہوئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کے 33 اضلاع سے رپورٹ ہونے والے 9817 مریضوں میں سے 9669 مریض مقامی سطح پر وائرس کا شکار ہوئے ہیں ان میں سے 7586 کا تعلق کوئٹہ 257 کا جعفرآباد179 مستونگ177 کا چاغی سے ہے ۔ رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں 16 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3710 ہوگئی ہے جبکہ 5999 مریض زیر علاج 600 کے کئے گئے کورونا ٹیسٹ کی لیبارٹری رپورٹ آنا باقی ہیں ۔
