اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2020 کے درخواست گزاروں کو واجبات کی واپسی کا فیصلہ کر لیاہے ،واجبات کی ادائیگی2جولائی سے شروع ہوگی تمام درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دیدی گئی ہے ،5ارب روپے کی خطیر رقم پر وزارت کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچنے کا امکان ہے ۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے حج 2020کے بارے میں حالیہ فیصلے کے روشنی میں وزارت نے تمام کامیاب عازمینِ حج کو رقوم واپسی کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیااورحج واجبات کی واپسی کا سلسلہ 2 جولائی سے ملک بھر کے نامزد بینکوں سے شروع ہو گا اور اس امر کی اطلاع تمام درخواست گذاروں کو بذریعہ SMS شروع کر دی گئی ہے ترجمان کے مطابق حج واجبات کی نقد واپسی کیلئے درخواست گذار کا بینک آنا ضروری ہے واجبات بذریعہ بینکرز چیک لینے کیلئے صرف گروپ لیڈر کو تمام افراد کی اصل دستاویز کے ہمراہ بینک آنا ہو گا متعلقہ بینک برانچ کی بندش کی صورت میں دوسری نامزد کردہ برانچ سے رقوم کی ادائیگی ممکن ہو گی رقوم کی واپسی میں مشکل کی صورت میں وزارت کے اکاونٹس افسر ریفنڈ 0519208465سے رابطہ کریں واضح رہے کہ امسال 1لاکھ 7ہزار کے قریب درخواست گزاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی سرکاری حج سکیم کے تحت کامیاب قرار دیا گیا تھا اور ان درخواست گزاروں نے 4لاکھ 80اور 4لاکھ 90ہزار روپے کی رقومات بنکوں میں جمع کرائی تھی جنہیں بعدازاں وزارت مذہبی امور کے شریعہ اکاﺅنٹ میں منتقل کردیا گیا وزارت کے ذرائع کے مطابق امسال 5ارب روپے سے زائد کی رقم پر ملنے والے کروڑوں روپے کے منافع کو حج ویلفیئر فنڈ میں منتقل کردیا جائے گا جس سے اگلے سال حج اخراجات میں عازمین کو رعایت فراہم کی جائے گی
