کوئٹہ :صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت موجودہ صورتحال میں تمام شعبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنے وسائل سے بڑھ کر اقدامات کر رہی ہے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں فورسز کی قربانیوں کا ادراک کرتے ہوئے اس شعبے کیلئے رقوم مختص کی گئی ہے۔ موجودہ حکومت سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اس میں دورائے نہیں کہ صوبے کی مخدوش صورتحال اور جغرافیائی حدود اور خطے کے حالات کے تناظر میں سیکیورٹی کو نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے کے عوام کی تحفظ اور ملکی دفاع کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں حکومت صوبے میں امن و امان کی بحالی کیلئے ہرممکنہ اقدامات اٹھارہی ہیں حزب اختلافات کی دوست چند نا خشگوار واقعات کی آڑ میں حکومتی اقدامات پر بے جا تنقید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اخراجات میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں محکمہ پولیس کو 94 کروڑ 68 لاکھ 64 ہزار محکمہ لیویز کو 21کروڑ 78 لاکھ 42 ہزار جیل خانہ جات 33کروڑ دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مشکلات میں تمام امور کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔اور ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔نہے مالی سال میں مجوزہ منصوبے کے دورس نتائج برآمد ہونگے۔






