پشین: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ پولیس کسی کی دشمن نہیں بلکہ امن و قانون کی دوست ہے امن وامان کو برقرار رکھنا صرف پولیس کی نہیں بلکہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے ڈسٹرکٹ سے جرائم اور منشیات کے خاتمے کیلئے پولیس مزید کارروائیاں کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین کے دورے کے موقع پر صدر تھانہ سرخاب اور پولیس لائن میں کمپیوٹر لیب اور ڈرائیونگ لائسنس بلاک کی افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی حاجی اصغر ترین ، ایس پی محمد ایوب اچکزئی ،اسسٹنٹ کمشنر حضرت ولی کاکڑ ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عبدالحنان آغا ، صدر این پی سی سمیع ترین اور دیگر شریک تھے۔ ایڈیشنل آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پولیس کیلئے معاشرے کا ہر فرد قابل احترام ہے عوام کی عزت کرنا ہمارا فرض ہے محکمہ پولیس میں کوتاہی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے غلطی جان بوجھ کر نہیں کرنی چاہئے پولیس کے جوانوں کو کرائم سین کیلئے ٹریننگ دی جائیگی ٹریفک پولیس میں اصلاحات کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے اور تفصیلات کیلئے مشینری فراہم کی جائیگی ۔تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی حاجی اصغر ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشےن پولیس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ماضی میں ٹریفک کی صورتحال گھمبیر تھی اب کافی بہتر ہوچکی ہے نوجوان نسل کو منشیات جیسی ناسور سے بچانے ڈرگز کیخلاف پولیس کی آپریشن ناگزیر ہیں پولیس کے جوان ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ایس پی محمد ایوب اچکزئی اور اسسٹنٹ کمشنر حضرت ولی کاکڑ نے کہا کہ شہر اور اطراف میں ضلعی انتظامیہ کی بہترین کاوشوں سے امن وامان کی صورتحال مزید بہتر ہوئی ہے پولیس اور لیویز کی موبائل گشتوں میں اضافہ کردیا گیا ڈسٹرکٹ کے عوام انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے۔تقریب کے دوران انسپکٹر رینک اور کانسٹیل کے عہدے پر ترقی پانیوالے آفیسران اور اہلکاروں کو رینک لگائے گئے ۔






