دالبندین۔(نامہ نگار) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے ضلع چاغی میں صحت کے شعبے کی بہتری کے حوالے سے جاری ترقیاتی سکمیز اور پلان کے بارے میں جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو دالبندین میں آپریشن تھیٹر، شعبہ حادٽات اور ایمرجنسی وارڈز کو جدید سہولیات سے مزین کیا جارہا ہے جہاں کام آخری مراحل میں ہے،گاہنی سیکشن کو مکمل فعال کیا گیا ہے جہاں لیبر روم سے منسلک تمام سہولیات بروۓ کار لائی گئی ہے،ڈی ایچ کیو میں چوبیس گھنٹے ایمبولینسز کی سہولیات یقینی بنائی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو دیہی آبادی تک پہنچانے کے لیے رولر ہیلتھ سینٹر نوکنڈی اور چاغی میں ایک ایک کروڑ کی لاگت سے منصوبے تیزی سے جاری ہیں جو ریکارڈ مدت میں پوری کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات آسانی سے پہنچانے کے لیے پندرہ نئے بنیادی مراکز ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں قائم کیے جائینگے جن میں تمام یونین کونسلز میں آبادی اور لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھی جائے گی اس تناظر میں محکمہ خرانہ سے فنڈز کا اجرا یقینی بناکر چار نئے بی ایچ یوز ناوڑ، مزنگ، خرگوشکان اور درمن کا عنقریب افتتاح کیا جائیگا۔ اسں لحاظ سے پی پی ایچ آئی کو درکار ہر قسم کی مدد فراہم کی جائیگی ۔انہوں نے مزید کہا ٹریفک حادٽات میں بروقت طبی سہولیات پہنچانے کے لیے تفتان، نوکنڈی، یک مچھ اور چھہتر میں ایمرجنسی سینٹر بنانے لیے تمام سہولیات بروۓ کار لائی جارہی ہیں جہاں چوبیس گھنٹہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف قومی شاہراہ پر حادٽات سے متاثرہ لوگوں کو ابتدائی طبی سہولیات دیں گے جبکہ شہری علاقوں میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ایک ایمرجنسی سینٹر عنقریب بنائی جائیگی جہاں ہیوی مشنری سے لے کر ایمبولینسز فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی ٹیم ناگہانی حادٽات کی شکل میں ریلیف کا کام کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاغی، برابچہ، پدگ، نوکنڈی اور چھہتر کے لیے جدید ایمبولیسز کا اہتمام کیا گیا ہے جو عنقریب پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفتان میں کورونا وائرس سے جنم لینے والی صورتحال کا مطالعہ کرکے دو جدید اسپتال قائم کے جائینگے جہاں ایک اسپتال زائرین اور ایک مقامی آبادی کے لیے دس کروڑ اور پچیس کروڑ کی لاگت سے بنیں گے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات عوام کے بنیادی حقوق ہیں جن کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات اٹھاکر ان کے اٽرات سے عام عوام کو استفادہ فراہم کیا جائے گا۔
