اسلام آباد: وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امراض قلب کے علاج کے لئے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز تکمیل کے مراحل میں ہے، جبکہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ بھی امراض قلب کے علاج کا ایک موثر اور فعال مرکز ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاءاور صوبے کے عمائدین کی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر شرکاءکے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ بلوچستان سے متعلق سوالات کے جواب کے لئے وزیراعظم نے خصوصی طور پر میر سرفراز بگٹی کو مائیک دیا ،وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کوئٹہ میں امراض قلب کے ایک ہسپتال کے قیام کا اعلان کئی سال قبل کیا گیا تھا تاہم منصوبے پر عملی پیش رفت نہ ہو سکی، بعد ازاں حکومت بلوچستان نے صوبے میں اپنے دو اہم ادارے قائم کئے، جن میں شیخ زید ہسپتال کوئٹہ اور بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ بہترین انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے اور بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز بھی تکمیل کے مراحل میں ہے، جس کے فعال ہونے سے صوبے کے عوام کو امراض قلب کے علاج کی جدید اور معیاری سہولیات اپنے صوبے میں میسر آئیں گی۔ صحت کے شعبے میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ،وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں زرعی شعبے کی سولرائزیشن کے منصوبے کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے زمینداروں کو بجلی کے بحران سے ریلیف دینے کے لئے سولرائزیشن منصوبہ انتہائی کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اس کے ثمرات براہ راست آخری صارف تک پہنچے ہیں اور زمینداروں کو ان کے گھروں تک مالی فوائد منتقل ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر سردار اویس احمد لغاری، متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام اور منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے زمیندار سولرائزیشن منصوبے کے مثبت نتائج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ اس اقدام سے زرعی شعبے کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مشکلات میں کمی آئی ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے نتیجے میں کیسکو کے بجلی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی اور قومی وسائل کی بچت ممکن ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان موثر تعاون کے نتیجے میں بلوچستان میں عوامی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کے لئے بڑے منصوبوں کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے عوام کو صحت، زراعت، توانائی اور دیگر بنیادی شعبوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔





