کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ خاران میں پولیس حراست میں نوجوان کی پراسرار ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائیگی ،لوگوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ یہ بات انہوںنے جمعے کے روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن ثناءبلوچ کے پوائنٹ آف آرڈر پر اٹھائے گئے نکتے کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔ بی این پی کے رکن ثناءبلوچ کا کہنا تھا کہ خاران میں پولیس حراست میں نوجوان کی پراسرار ہلاکت پر علاقہ مکین اور سیاسی جماعتوں میں تشوےش پائی جاتی ہے اس واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں کو معطل تو کیا گیا ہے تاہم شفاف تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے ۔ جس پر صوبائی وزیر داخلہ ضیاءلانگو نے کہا کہ ہم نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ صوبے کے لوگوں کے ساتھ کسی بھی ظلم و زیادتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گاانہوںنے تحقیقات کے لئے کمیٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرائی جائیں گی ۔
