دالبندین۔(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف ضلع چاغی کے ترجمان نے سیندک پراجیکٹ کے ملازمین کو مروجہ طریقہ کار کے تحت چھٹیوں سے محروم کرکے انھیں غیر قانونی طور پر روکنے اور ان سے جبری مشقت لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایم آر ڈی ایل کمپنی کے ان ظالمانہ اقدامات کو نفرت انگیز اور ناقابل قبول قرار دیا۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سیندک پراجیکٹ میں چینی کمپنی کے پاکستانی و چینی افسران کی ملی بھگت سے جس طرح ملازمین کا استحصال کرکے انھیں ایک طرح سے حبس بے جا میں رکھا گیا ہے وہ ہرگز نیک شگون نہیں۔ ترجمان کے مطابق سیندک پراجیکٹ کے مقامی ملازمین کاپر سونے و دیگر نادر معدنیات سے لبریز سرزمین کے حقیقی وارث ہیں جنہیں بنیادی حقوق تو درکنار مناسب تںخواہ، ملازمت کی تحفظ اور لیبر قوانین کے تحت حاصل حقوق سے بھی محروم رکھا جارہا ہے جو جبر کی بدترین مثال ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ ایم آر ڈی ایل اور اس کے گماشتے ملازمین کی استحصال کا سلسلہ فوری طور پر روک کر انھیں جائز حقوق فراہم کریں ورنہ ایم آر ڈی ایل کے خلاف بھرپور تحریک شروع کی جائے گی۔
