اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اتنی کمزور ہے کہ کسی بھی صحافی کے ایک تنقیدی ٹوئٹ سے بوکھلا جاتی ہے،پاکستان پیپلزپارٹی ہر دور میں میڈیا کی آزادی کے لئے لڑی ہے،پاکستان کے میڈیا ورکرز کو ہم کسی حالت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مظابق چیرمین پیپلز پارٹی جمعہ کو بارہ کہو کے علاقے میں صحافی مطیع اللہ جان کی رہائش گاہ آئے اور مطیع اللہ جان سے ملاقات کرکے ان کے اغوائ اور تشدد پر مذمت کی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے صحافی مطیع اللہ جان سے ملاقات کرکے ان سے اظہار یکجہتی کیا اور انکے اغوائ کاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر مطیع اللہ جان نے ان کے اغواءکے معاملے پر پر فوری آواز بلند کرنے کے حوالے سے بلاول بھٹوسے اظہار تشکر کیا اور انہیں سنسرشپ اور صحافیوں کی بیروزگاری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے صحافی مطیع اللہ جان کے علاوہ صحافی عمرچیمہ اور صحافی اعزاز سید نے بھی ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ فرحت اللہ بابر اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ صحافی حکومت پر تنقید کرے، اسے نوکری سے نکلوادینا افسوس ناک ہے۔ اب تو یہ فاشسٹ حکومت ویب چینلز پر حکومتی نااہلیوں کو بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو بھی برداشت نہیں کررہی۔ پی ٹی آئی حکومت اتنی کمزور ہے کہ کسی بھی صحافی کے ایک تنقیدی ٹوئٹ سے بوکھلا جاتی ہے۔ مجھے اندازہ ہے کہ اس وقت کورٹ بیٹ رپورٹرز زیادہ حکومتی دباو¿ کا شکار ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی ہر دور میں میڈیا کی آزادی کے لئے لڑی ہے۔ پاکستان کے میڈیا ورکرز کو ہم کسی حالت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے
