پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہمارا سپاہی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان کی حفاظت کرتا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، ہمارے سپاہی کسی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بننے چاہئیں، وہ قوم کا فخر ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے شہید فوجیوں اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا، ہر قربانی کا احترام اور شہداء کے لواحقین کو انصاف ملے گا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر رہے ہیں، ان کی عزت ہماری ذمہ داری ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں ہے، بلکہ اس کی ذمہ داری کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے۔ آزاد کشمیر کے پہلے انتخابی مرحلے کے حوالے سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کی ساکھ کا فیصلہ پہلے مرحلے میں انصاف سے ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن دو اگست سے پہلے دھاندلی سے متعلق تمام شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرے اور پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج، انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے رکھے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں کسی کا احسان نہیں بلکہ ہمیں ہمارا حق چاہیے، ہمیں صرف صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات چاہئیں۔






