کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پی پی ایچ آئی بلوچستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 25واں اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، اجلاس میں ٹیلی میڈیسن پروجیکٹ، کوئٹہ ژوب شاہراہ پر MERC ریسکیو سروس سمیت دفتری امور زیر بحث آئے اور اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کی صدارت PPHI بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین منیراحمد بادینی نے کی۔PPHI بلوچستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عزیز احمد سمیت بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، محکمہ خزانہ و محکمہ صحت بلوچستان کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے PPHI کے CEO نے بتایا کہ ابتداءمیں بلوچستان کے ضلع جعفرآباد، مستونگ، ناصرآباد، گوادر اور واشک میں ٹیلی ہیلتھ میڈیسن سروس کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جہاں ماہر معالجین دور دراز کے اضلاع کے عوام کو انٹرنیٹ کے ذریعے معائنہ کرکے ادویات تجویز کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ ژوب شاہراہ پر ٹریفک حادثات کی صورت میں انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے سرانان، بادینزئی، زیارت کراس، نسئی اور مانی خوا میں MERC ریسکیو سروس شروع کر دیا گیا ہے جہاں پر موجود عملہ ٹریفک حادثات میں زخمیوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔عزیراحمد نے مزید بتایا کہ قومی شاہراہ N-25 اور N-50 پر محکمہ ٹرانسپورٹ، موٹروے پولیس اور ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے تعاون سے آگاہی مہم چلائی جائیگی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے PPHI کی کارکردگی کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
