سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اموات کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔ وبا سے متاثرہ دو فی صد افراد کی موت ہوئی ہے۔ 18 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 73ہزار ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 1226 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وائرس سے متاثرہ 87 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جن کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار ہے۔ 11 فی صد افراد زیرِ علاج ہیں۔ پاکستان کے علاقے چترال سے تعلق رکھنے والے 103 سالہ بزرگ کرونا وائرس کو شکست دے کر وائرس سے صحت یاب ہونے والے معمر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں وائرس سے مزید 35 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 5822 ہو گئی ہے۔ ارب پتی امریکی تاجر اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس نے کہا ہے کہ وبائی مرض کرونا وائرس پھیلاؤ میں اُن کا کوئی کردار نہیں ہے۔ پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 210 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 91901 ہو گئی ہے۔پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کے مطابق کرونا وائرس سے مزید تین افراد کی موت ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 2116 ہو گئی ہے۔ صوبے بھر میں اب تک 692613 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔حکام کے مطابق کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 81253 ہے۔ حکام نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔
