وفاق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے شفا انٹرنیشنل اسپتال سے علاج کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے شفا انٹرنیشنل اسپتال سے علاج کرانے کے سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا گیا ہے اور شفا اسپتال میں طبی معائنے سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ان قوانین کے مطابق نہیں جو سزا یافتہ قیدیوں سے متعلق ہیں، جبکہ عدالت کے حکم کے دیگر نکات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق فیصلہ جاری کیا ہے، تاہم حکومت اس فیصلے پر ازسرنو جائزے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ جیلوں میں بہت سے قیدی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں اور سزا یافتہ قیدیوں کو سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔





