کراچی: لیاری امن کمیٹی کے سابق سربراہ عزیر بلوچ اور امین بلیدی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں پولیس پر حملے سمیت 14 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان پر ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر حملے کے مقدمہ میں فرد جرم عائد کی۔ ملزمان عزیر بلوچ اور امین بلیدی نے صحت جرم سے انکار کر دیا جبکہ عدالت نے گواہان اور تفیشی افسر کو نوٹس جاری کردیے اور آئندہ سماعت پر گواہان اور انویسٹی گیشن آفیسر (آئی او) کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے سال 2012 میں پولیس پر حملہ کیا تھا جس کے مقدمہ ملزمان کے خلاف بغدادی تھانہ میں درج کیا گیا۔خیال رہے کہ 6 اپریل کو ملٹری کورٹ نے لیاری امن کمیٹی کے سابق سربراہ عزیر بلوچ کو 12سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عزیر بلوچ کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت 12سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا سنائے جانے کے بعد عزیر بلوچ کو سینٹرل جیل کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔
