لاہور: وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا خدشہ اب بھی موجود ہے۔ اس لیے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کرنا انتہائی ضروری ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کیسز بڑھنے یا کم ہونے کا انحصار شہریوں کے رویوں پر ہے۔ منگل کو پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اِس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد میں کافی حد تک کمی آئی ہے لیکن عوام کو ماسک کا استعمال کم نہیں کرنا چاہیے۔ اُن کے بقول ذرا سی بے احتیاطی پاکستان کو پہلے جیسی صورتِ حال میں واپس لا سکتی ہے۔ ادھر ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے رویے سے ایسا لگتا ہے کہ اُنہوں نے اب کرونا وائرس کو بھلا دیا ہے۔ ڈاکٹر صومیہ اقتدار کے بقول لوگوں نے حکومت کے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد چھوڑ دیا ہے۔ ماسک کی پابندی ہو رہی ہے اور نہ سماجی فاصلوں کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے کہا کہ مشاہدہ یہ بتاتا ہے کہ جن ملکوں میں وبا میں کمی آئی وہاں لوگوں نے جب احتیاط چھوڑی تو وائرس نے دوبارہ سر اُٹھایا۔ اُن کے بقول، "گو کہ پاکستان میں ابھی بھی صورتِ حال کنٹرول میں ہے، لیکن شہریوں کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔”
