صدر بین الالپارلیمانی یونین ( آئی پی یو) گبریلا کویس بیرن نے کہا ہے کہ کورونا وبا نے دنیا کے لیے نئے مسائل پیدا کیے ہیں۔ بریلا کویس بیرن نے ان خیالات کا اظہار ادارہ برائے پارلیمانی خدمات اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا،اس موقع پر چیئرمین سینیٹ آف پاکستان محمد صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔ صدر آئی پی یو نے مزید کہا کہ کورونا نے ایک سے دوسرے ملک میں داخل ہونےکےلیے کسی سے اجازت نہیں مانگی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صحت ، اقتصادی اور دیگر سطح پر اقوام عالم کو مسائل درپیش ہیں ،ہم سب کو کورونا جیسے مسئلے پر قابو پانے کےلیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ گبریلا کویس بیرن نے کہاکہ کثیر الجہتی تعاون مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے، پارلیمان عوام کی خواہشات کا مظہر ہے، جس کا کام انسانی حقوق اور جمہوریت کا تحفظ ہے۔ صادق سنجرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین الالپارلیمانی یونین اقوام عالم کے درمیان ڈائیلاگ کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئی پی یو عالمی پارلیمانوں کی ایک بہت بڑی تنظیم بن چکی ہی، عدم مساوات کا خاتمہ اس کے ایجنڈے میں شامل ہے، عدم مساوات پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہاکہ اقوام عالم کو سماجی و اقتصادی امن، انسانی ترقی سمیت دیگر مسائل درپیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا نے عالمی معیشتوں کو مشکلات سے دور چار کیا، امن ،ترقی و سلامتی کےلیے ہمیں اقدامات کو مزید تیز کرنا ہوگا۔
