کوئٹہ:’صوبا ئی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہاہے کہ نصیر آباد ،سبی ، کچھی ، جعفرآباد، جھل مگسی ،سنی شوران ، ڈھاڈر سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے وزیراعلیٰ جام کمال خان فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے وہاں ایمرجنسی نافذ کریں جبکہ پی ڈی ایم اے ، صحت سمیت دیگر اداروں کو متحرک کرکے فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب اپنے ایک بیان میں کہی، سردار یار محمد رند نے کہا کہ نصیر آباد ،سبی ، کچھی ، جعفرآباد، جھل مگسی ،سنی شوران ، ڈھاڈر سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے سیلاب آیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں ان علاقوں میں املاک ، گھروں ،فصلوں، مال مویشی کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ متعدد علاقوں میں لوگ بے سرو سامانی کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی جمع ہونے کی وجہ سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ موجود ہے وزیراعلیٰ جام کمال خان سے اپیل ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا فضائی دورہ کرکے وہاں صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سیلابی ایمرجنسی نافذ کریںانہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ،صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فوری طور پرمتحرک کرکے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خشک راشن ، ٹینٹ، ادویات سمیت دیگر ضروری سامان مہیا کیا جائے تاکہ ان علاقوں میں مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے
