کراچی میں بارش کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت شہر کے درجنوں علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں۔ بارشوں کے باعث ٹریفک کی روانی کے لیے بنائے جانے والے انڈر پاسز پانی سے بھرے ہوئے ہیں، ڈرگ روڈ، ناظم آباد، لیاقت آباد، طارق روڈ، کے پی ٹی اور ہل پارک کے انڈر پاسز میں بارش کا پانی جمع ہے۔ شارعِ فیصل پر جناح اسپتال پل کے نیچے پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ معاشی سرگرمیوں کے مرکز پاکستان کی وال اسٹریٹ آئی آئی چندریگر روڈ پر 2 دن بعد بھی جگہ جگہ پانی موجودہے۔ کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں اور علاقوں سے پانی کی نکاسی ہوگئی ہے، تاہم کراچی کا پوش ترین علاقہ ڈیفنس تاحال بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ خیابانِ اتحاد، خیابانِ راحت، خیابانِ شجاعت، خیابانِ محافظ، خیابانِ امیر خسرو ، خیابانِ شاہین، ٹوئنٹی سکستھ اسٹریٹ، اتحاد کمرشل ڈیفنس اور کلفٹن کے علاوہ اولڈ سٹی ایریا اور ایف بی ایریا بلاک ٹو عزیز آباد میں بھی برساتی پانی جمع ہے۔ نیا ناظم آباد میں صورت حال سب سے زیادہ خراب ہے جہاں پھنسے ہوئے افراد کو ایدھی کی کشتیوں کے ذریعے نکالا گیااور محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔






