کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 3 مشتبہ عسکریت پسندوں کو گلشن معمار سے گرفتار کرنے کا دعوی کردیا۔ یہ گرفتار ملزمان ایئرپورٹ، امریکی قونصل خانے اور سیکیورٹی پرنٹنگ پریس پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ پیرا ملٹری فورس نے پولیس کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں یاسین عرف ابو ہنزلہ، اکرام اللہ عرف فیصل اور محمد خالد عرف منصور کو حراست میں لیا گیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان میں سے 2 افراد حال ہی میں افغانستان سے آئے تھے اور جلد ہی کراچی میں دہشت گرد حملے کرنا چاہتے تھے جبکہ ان کا تعلق ٹی ٹی پی کے قاری سعد بلال کے گروپ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے’۔ رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یاسین ایک تربیت یافتہ جنگجو تھا جو کہ اب تک اپنے کمانڈر قاری سعد بلال سے 2 سال سے رابطے میں تھا






