کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر+نمائندگان ) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حادثات اور واقعات میں چار افراد جاں بحق خاتون سمیت دس افراد زخمی ہوگئے ۔ پشین میں سیکورٹی فورسز نے دس کلو گرام بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا ۔ کوئٹہ میں کسٹم نے کارروائی کرتے ہوئے دو کروڑ روپے مالیت کے غیر ملکی اشیاءبرآمد کرکے قبضے میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق پیرکے روزسوراب کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر موٹر سائیکل اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سواریار محمدجاں بحق جبکہ اہلیہ زخمی ہوگئیں حادثہ کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق قلات کے علاقے نیمرغ سے ہے زخمی خاتون کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے ۔ کوئٹہ کے نواں کلی آخری سٹاپ کے قریب ٹریکٹر کی ٹکر سے آٹھ سالہ عزت اللہ ولد ثناءاللہ جاں بحق ہوگیا جبکہ کوئٹہ ہی کے علاقے باچاخان چوک سے پولیس نے نشے کے عادی ایک شخص کی نعش برآمد کرکے شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کردی ہے۔ پیر کے روز اوستہ محمد سے بھاگ ناڑی جانے والی گاڑی تیز رفتار مزدا سے ٹکر گاڑی میںسوار سید محمد ابراہیم شاہ موقع پر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کیلئے لاڑکانہ منتقل کیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے ۔ مستونگ کے قریب ٹرک کے ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ ولی خان بائی پاس پر گاڑی کے الٹنے سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ادھر بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقہ زہری میں گیس سلنڈر پھٹنے سے خواتین اور بچوںسمیت چار افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری کے مطابق پشین کے علاقے بند روڈ پربم ڈسپوزل اسکواڈنے نجی فلور مل کے قریب موٹر سائیکل میں نصب دو عدد بم کو ناکارہ بنا دیا گیا ڈپٹی کمشنر کے مطابق ناکارہ بنا یا جانے والے بم کا وزن 10کلو گرام تھا جو موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا باردو ی مواد میں بال بیرنگ اور ڈیٹو نیٹرز وغیرہ بھی شامل تھے ۔ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس سمیع الحق کے مطابق پیر کے روز کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے کوئٹہ کے علاقے ایئر پورٹ روڈ پر دوران تلاشی کنٹینر سے غیر ملکی سامان سمر سیبل، سولر پینلز اور جیکٹیں،ایئر کنڈیشن برآمد کرکے قبضہ میں لے لیے جن کی مالیت دو کروڑ روپے کے قریب ہے ۔
