ملتان: ملتان میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریوں کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی کو گرفتار کرلیا گیا۔ گیلانی ہاؤس کے ترجمان ضیغم گیلانی کا کہنا تھا کہ علی موسیٰ گیلانی احتجاج کے لئیے تھانہ چہلیک پہنچے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے 4 کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی جس میں موسیٰ گیلانی بھی موجود تھے۔ علی موسیٰ گیلانی اور دیگر مظاہرین تھانہ چہلیک کے باہر موجود تھے اور مطالبہ کررہے تھے گرفتار کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ علی موسی گیلانی کا کہنا تھا کہ پولیس انتظامیہ کے حکم پر انتقامی کارروائی کر رہی ہے، جس کے بعد پولیس نے انہیں بھی گرفتار کرلیا۔ ملتان کے تھانہ چہلیک کے باہر موجود پی پی پی کے کارکنوں نے احتجاج جاری رکھا اور پولیس سے علی موسی گیلانی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ کارکنوں نے ٹائر جلا کر تھانہ چہلیک کے سامنے روڈ بند کر دیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس سے قبل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحب زادوں عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی اور رکن صوبائی اسمبلی حیدر گیلانی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ چہلیک میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ ریلی نکالنے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا






