آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق نے ان سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہبازشریف، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ممبران اسمبلی کی حمایت کی ضرورت ہے ، اعتماد کے اظہار پر پارٹی قائدین سمیت تمام افراد کے شکر گزار ہیں، ، آزاد کشمیر کو مثال بنانے کے لیے سب نے مل کر چلنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر 24گھنٹے جاگ کر محنت کرنا پڑی تو پوری کوشش کروں گا کہ اپنی ٹیم اور قیادت کا اعتماد بحال رکھوں، ہم سب مل کر ایسا آزاد کشمیر بنانا ہے جس کی مثال پوری دنیا دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گورننس اور بے روزگاری کے مسائل موجود ہیں، تاہم بے روزگاری صرف آزاد کشمیر نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ عوام کو روزگار اس لیے چاہیے کہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرسکیں، اپنی اولاد کو بہتر تعلیم دے سکیں اور ضرورت کے وقت علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرسکیں۔ نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں اسی بنیادی سوچ کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کرکے بہتر مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔
افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے اسپتالوں کو بہتر بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ اگر روزگار، تعلیم اور صحت کے مسائل کو کسی حد تک حل کرلیا جائے تو عوام کی بہت سی پریشانیاں ختم ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اسمبلی میں سینیئر اور نوجوان ارکان موجود ہیں، حکومت سینئر ارکان کے تجربے اور نوجوانوں کی توانائی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھے گی۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف زمین کے ٹکڑے کا تنازع نہیں، بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ نو منتخب وزیر اعظم نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے افواجِ پاکستان اور آرمی چیف کے لیے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی بدولت کشمیری سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آزاد کشمیر میں بھی اسی طرز پر تبدیلی لائیں گے جس طرح مریم نواز پنجاب میں لا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفاف بھرتیوں کے لیے این ٹی ایس کی طرز پر تھرڈ پارٹی سسٹم لایا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں فی الوقت انٹرنیٹ کے مسائل ہیں لیکن حالات جلد بہتری کی طرف جائیں گے، ریاست کو ڈیجیٹل اکانومی کی طرف گامزن کیا جائے گا اور اسکل بیسڈ تعلیم پر خصوصی فوکس کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے