لندن : اپنے چہرے، آواز اور اداکاری سے مداحوں کو اسیر کرنے والی اداکارہ و گلوکارہ جینیفر نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ لوگ خواتین کی تعریف ان کی عمر کا تذکرہ کیے بغیر کریں۔ غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران اپنی خوشحال اور کامیاب زندگی کا راز بتاتے ہوئے جینیفر لوپیز کا کہنا تھا کہ کوئی بھی یہ نہیں سننا چاہتا کہ آپ 50 سال کی عمر میں اچھے لگتے ہیں، لوگ صرف اچھا دکھنا چاہتے ہیں چاہے ان کی عمر کتنی بھی ہو اور میرے لیے یہ چیز سب سے ز یادہ اہم ہے۔ گلوکارہ واداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں چاہتیں کہ لوگ کہیں آپ 35، 40، 50 یا 60 سال کی عمر میں خوبصورت لگ رہی ہیں، چاہتے ہیں کہ لوگ دیکھتے ہی صرف واؤ، یو لک امیزنگ (تم بہت خوبصورت لگ رہی ہو) جیسے الفاظ ادا کریں۔ دوران انٹرویو جینیفر لوپیز کا مزید کہنا تھا کہ وہ یقین رکھتی ہیں کہ ایک عورت کی عمر اتنی ہی ہے جتنی وہ نظر آتی ہے، جب لوگ کہتے ہیں، اوہ میرے خدا آپ کی عمر 50 سال ہے ؟ تو کیا اس سے کوئی فرق پڑ سکتا ہے؟واضح رہےکہ جینیفر لوپیز ہالی وڈ کی پہلی گلوکارہ و اداکارہ نہیں ہیں جنہوں نے معاشرے میں عمر بڑھنے سے متعلق کی جانے والی گفتگو کے خلاف بات کی ہے۔ ان سے قبل ہیلن میرن بھی اینٹی ایجنگ اصطلاح سے نفرت کی وجہ بیان کر چکی ہیں۔
