کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں گزشتہ روز آرچر روڈ پر کراس فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونےوالے معصوم نہتے بچے امید خان کی ہلاکت کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہر میں مسلح عناصر کی سرعام فائرنگ سے گزشتہ روز ایک بے گناہ معصوم بچہ امید خان شہید ہوگیا لیکن اس واقعہ میں مسلح عناصر کی تاحال گرفتاری نہیں ہوئی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر میں چوری ، ڈکیتی ، منشیات فروشی کے اڈوں ، اغواءبرائے تاوان کے مسلح گروپوں، مسلح عناصر کی دن دہاڑے شاہراہوں پر گشت کرنے ،سرعام اسلحہ کی نمائش کرنےوالے عناصر گھوم رہے ہیں لیکن ان عناصر کو روکنے والی کوئی سرکار نہیں بلکہ ان کی پشت پناہی کی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز آرچر روڈ پر امید خان بھی انہی عناصر کی گولی کا نشانہ بنا اور اپنی زندگی کی بازی سے ہار گیا لیکن شہید امید خان کے قاتلوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہید امید خان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔بیان میں شہید امید خان کے خاندان سے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہےد کے درجات کی بلندی اور خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
