لاہور : مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جاتی امراء سے لاہور میں ہونے والے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئیں۔ ایاز صادق کے گھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام ف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن اور دیگر پی ڈی ایم رہنما بھی پہنچیں گے۔ ایاز صادق کے گھر پر ان پی ڈی ایم رہنماؤں کے لیے ظہرانے کا انعقاد کیا گیا ہے،جہاں سردار ایاز صادق کی کی اہلیہ ظہرانے کے تمام امور کی نگرانی کر رہی ہیں۔ مسلم لیگ نون کےسینئر رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ٹیلیفونک گفتگومیں بتایا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا ظہرانے پر آنا میرے لیے اعزاز ہے، مہمانوں کی تواضع گھر میں پکائے گئے کھانوں سے کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اپنی نگرانی میں کھانے تیار کرا رہی ہیں، مینو میں چکن روسٹ، چکن بروسٹ، ساگ اور چکن پلاؤ سمیت دیگر ڈشز شامل ہیں، مولانا فضل الرحمٰن کی پسند کامیٹھا بھی تیار کرایا گیا ہے۔






