کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا محمود خان اچکزئی، سردار اختر جان مینگل اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ، 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کی مناسبت سے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل اور نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ٹیلی فون کیا۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پی ڈی ایم کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے تینوں سیاسی جماعتوں کے قائدین کو 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کی مناسبت سے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔ بلاول بھٹو زرداری ،محمودخان اچکزئی ،سردار اخترجان مینگل اور ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے اس عزم کااظہار کیاکہ پی ڈی ایم تحریک کو مضبوط اور آئندہ کے لائحہ عمل کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی سطح پر بھرپور سیاسی قوت کامظاہرہ کیاجائے گا، ملک میں پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہور کی حکمرانی کیلئے پی ڈی ایم کی جدوجہد جاری رہے گی ،انہوں نے کہاکہ عوامی جلسوں کے ذریعے پی ڈی ایم کی کامیاب شمولیت کے بعد سلیکٹڈ حکومت کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑاسلیکٹڈ حکومت کی سینیٹ الیکشن سمیت کسی بھی غیر آئینی اقدام کی بھرپور مخالفت کی جائےگی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پورے پاکستان کی آواز ہے عمران خان کو جانا پڑے گا۔ حکومت پی ڈی ایم کی پر جوش کارکنوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی،اس موقع پر پی ڈی ایم کی جانب سے لانگ مارچ سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
