کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قوم پرستوں اور پارلیمان سے باہر جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی پی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو کو دے دیا۔ نثار کھوڑو نے سربراہ سندھ ترقی پسند پارٹی قادر مگسی اور دیگر سے رابطہ کیا ہے۔ ترجمان پی پی نے کہا کہ نثار کھوڑو نے قوم پرست و دیگرجماعتوں کو مشترکہ جدوجہد کی پیشکش کی ہے۔ نثار کھوڑو آج شام حیدرآباد میں ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے اور ملاقات کروں گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ صدر پی پی سندھ نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں حکومت عوام اور ملک پر عذاب کی طرح مسلط ہے، جتنے دن تک پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی ملک پیچھے چلتا جائے گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں حکومت سے جان چھڑانے کے لئے کردار ادا کریں۔
