بلوچستان کے 5 اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 13 نئے مریض سامنے آئے جبکہ کورونا میں مبتلا 20 مریض صحت یاب ہوگئے، اس دوران کورونا میں مبتلا ایک اور مریض انتقال کرگیا۔ محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق جمعہ کو صوبے میں 340 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 5 اضلاع سے 13 نئے کیسز سامنے آئے، ان میں کوئٹہ سے چھ، کیچ سے چار، لسبیلہ، چاغی اور مستونگ سے ایک ایک کیس سامنے آیا، جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 181 ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 20 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 752 ہوگئی۔ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا سے ایک اور مریض انتقال کرگیا جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی تعداد 184 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 251 ٹیسٹ کئے گئے، اس دوران کورونا کے 6 مریض سامنے آئے، کوئٹہ میں آج کورونا کی شر ح 2.4 رہی۔
