مانسہرہ : پولیس نے رات گئے گھروں میں چھاپے مارکر جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ کے بھائی، بیٹے اور بہنوئی کو گرفتار کرلیا۔وفاقی کابینہ نے پاک فوج کے خلاف بیان دینے پر گزشتہ دنوں مفتی کفایت اللہ کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی منظوری دی تھی۔گزشتہ شب تھانہ بفہ کی پولیس نے مختلف گھروں پر چھاپے مارکر ان کے قریبی عزیزوں کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا جبکہ ترنگڑی میں مفتی کفایت اللہ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا مگر وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔قریبی عزیزوں کی گرفتاری پر مفتی کفایت اللہ کے حامیوں کی بڑی تعداد تھانہ بفہ پہنچ گئی اور غیرقانونی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لئے کاروائیاں جاری ہیں۔پولیس یہ بتانے سے قاصر ہے کہ ان کے رشتہ داروں کو کن الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
