ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ تولدے گیبریماریم پی آئی اے کے نئے سی ای او مقرر

ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ تولدے گیبریماریم پی آئی اے کے نئے سی ای او مقرر

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ تولدے گیبریماریم کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا۔ عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے دو عہدے داروں نے ہفتے کو اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ یہ تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب سابق قومی فضائی کمپنی اپنے آپریشنز کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔تولدے گیبریماریم کی قیادت میں ایتھوپین ایئرلائنز افریقہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی بن گئی تھی اور ادیس ابابا میں اپنے ٹرانزٹ مرکز کے ذریعے براعظم کے مختلف شہروں کو آپس میں منسلک کیا تھا۔ ان کی تقرری سے عارف حبیب گروپ کی قیادت میں قائم کنسورشیم کی پی آئی اے کی بحالی کی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ دسمبر میں نجکاری سے قبل پی آئی اے کئی سالوں میں 2.8 ارب ڈالر سے زائد کے خسارے کا شکار ہو چکی تھی۔ عرب نیوز نے عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب سے رابطہ کیا، تاہم ان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ البتہ پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی کہ تولدے گیبریماریم کو ایئرلائن کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ’پی آئی اے اس وقت تک ان کے نام کا باضابطہ اعلان نہیں کرے گی جب تک تمام سکیورٹی کلیئرنس مکمل نہیں ہو جاتیں۔‘ پی آئی اے کے ایک بڑے شیئر ہولڈر نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا: ‘انہیں ملازمت دے دی گئی ہے۔ وہ انتہائی قابل شخصیت ہیں اور کئی اداروں کی کامیاب بحالی میں کردار ادا کر چکے ہیں۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!