کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے سانحہ زیارت کمیٹی اور حکومتی وفد کے مابین مذاکرات کی کامیابی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سانحہ زیارت کے دلخراش واقعے میں ہمارے پولیس کے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شعبان میں دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کے لیے جو کارروائی شروع کی ہے، اس سے علاقے میں جلد ہی امن و خوشحالی کا سورج طلوع ہوگا۔ میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ جمہوری طرزِ عمل کے ذریعے کسی بھی مسئلے کا حل ممکن ہے۔ حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی نے گفت و شنید کے ذریعے اس اہم مسئلے کا حل نکالا۔ یہ مثبت جمہوری عمل صوبے میں افہام و تفہیم کی سیاست کو فروغ دینے اور قیام امن کے لیے سنجیدہ کوششوں کو دوام بخشے معاون کردار ادا گا۔ صوبائی وزیر نے تمام شہداءکے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ پاک تمام شہدائ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔






