ایکشن کمیٹی دہشتگردی پر اتر آئی، آزاد کشمیر میں قیام امن کے لیے حکومت کی ہرممکن مدد کریں گے، وفاقی حکومت

ایکشن کمیٹی دہشتگردی پر اتر آئی، آزاد کشمیر میں قیام امن کے لیے حکومت کی ہرممکن مدد کریں گے، وفاقی حکومت

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

وفاقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ریاست میں دہشتگردی کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی دھونس، تشدد یا طاقت کے ذریعے اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی حکومت نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت پاکستان، آزاد کشمیر حکومت کو ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کرے گی۔
یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہاکہ شرپسند عناصر کا مکروہ چہرہ دنیا نے دیکھ لیا ہے، حکومت پاکستان قیام امن کے لیے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرپور ڈویژن میں 6 لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے، تاہم کالعدم ایکشن کمیٹی کو آزاد کشمیر کی ترقی اور میرپور ڈویژن میں ہونے والے پرامن انتخابات ہضم نہیں ہوئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ پرتشدد جتھے کے ارکان سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو دھونس اور تشدد کے ذریعے اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست ایسے پرتشدد جتھوں کو امن خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دے گی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہاکہ آزاد کشمیر میں قیام امن کے لیے حکومت پاکستان، آزاد کشمیر حکومت کو ہر ممکن وسائل اور تمام اداروں کی مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ پرتشدد تحریک میں ملکی اور غیرملکی عناصر ملوث ہیں، جبکہ کشمیری عوام ووٹ کی طاقت سے اپنا مؤقف واضح طور پر پیش کر چکے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہاکہ یہ حقوق مانگنے کی نہیں بلکہ حقوق چھیننے کی تحریک ہے۔ ان کے بقول احتجاج کی آڑ میں دہشتگردی کی جا رہی ہے اور احتجاج میں مسلح لوگ موجود ہیں، جن کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 38 میں سے 37 مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے ہیں، اس کے باوجود احتجاج جاری رکھنا بلاجواز ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جب پرتشدد جتھوں نے اپنے عزائم ناکام ہوتے دیکھے تو وہ دہشتگردی پر اتر آئے۔ انہوں نے دوبارہ کہا کہ احتجاج کی آڑ میں دہشتگردی کی جا رہی ہے۔طلال چوہدری نے پرامن شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پرتشدد جتھوں کے سیاسی نعروں کی بھینٹ نہ چڑھیں اور امن و امان کے قیام میں ریاستی اداروں کا ساتھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!