اسلام آباد : گلبرگ گرینز کی گلیوں میں شیر کی اپنے 2 بچوں سمیت چہل قدمی، مکین گھروں میں محصور

اسلام آباد : گلبرگ گرینز کی گلیوں میں شیر کی اپنے 2 بچوں سمیت چہل قدمی، مکین گھروں میں محصور

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

وفاقی دارالحکومت کے علاقے گلبرگ گرینز میں بنگال ٹائیگر اور اس کے 2 بچوں کی موجودگی نے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، سیکیورٹی انتظامیہ نے علاقے میں نگرانی بڑھاتے ہوئے شہریوں، خصوصاً بچوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔ بنگال ٹائیگر اور اس کے 2 بچوں کو گلبرگ گرینز کے بلاک بی کی گلی نمبر 15 میں دیکھا گیا، جس کے بعد رہائشیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ٹائیگر اور اس کے بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز رہائشیوں کے مختلف گروپس میں تیزی سے گردش کرنے لگیں۔ گلبرگ گرینز کی سکیورٹی انتظامیہ اور رہائشیوں نے ٹائیگر کی موجودگی کی تصدیق کی، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں نگرانی مزید سخت کردی۔ سیکیورٹی حکام نے رہائشیوں کو پیغام کے ذریعے ہدایت کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور کسی بھی مقام پر جانوروں کی نقل و حرکت یا موجودگی کی صورت میں فوری طور پر سیکیورٹی عملے کو اطلاع دیں۔ ایک سیکیورٹی اہلکار کے مطابق ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور رہائشیوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹائیگر کی موجودگی پر رہائشیوں نے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ خطرناک جنگلی جانور آبادی والے رہائشی علاقے تک کیسے پہنچا۔ رہائشی سید حسنین نے رہائشی علاقوں میں خطرناک اور غیرملکی جنگلی جانور پالنے کے رجحان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو حکام کے لیے خطرناک جانوروں کی نجی طور پر پرورش کے حوالے سے سخت ضوابط نافذ کرنے کے لیے تنبیہ سمجھنا چاہیے۔ رہائشیوں نے ایک دوسرے کو یہ بھی ہدایت کی کہ ٹائیگر کو تلاش کرنے یا اس کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے جائے وقوعہ کے قریب جمع نہ ہوں۔ ٹائیگر اور اس کے 2 بچوں کی موجودگی نے گنجان آبادی والے رہائشی منصوبوں میں غیرملکی اور ممکنہ طور پر خطرناک جانوروں کو نجی طور پر رکھنے سے پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ دوسری جانب گلبرگ گرینز کے رہائشیوں کی فوری ترجیح اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت ہے۔ شہریوں نے گھروں اور دروازوں کو بند رکھتے ہوئے سیکیورٹی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل شروع کردیا ہے، جبکہ سیکیورٹی ٹیمیں جانوروں کی موجودگی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سیسکیورٹی انتظامیہ نے رہائشیوں سے پرسکون رہنے، گھروں میں رہنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے