کوئٹہ: صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے 6 ستمبر یومِ دفاع و شہداءکے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کے بہادر شہداء، غازیوں اور مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، جو ہمیں وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور قوم کے سپوتوں نے ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ شہداءکی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور پوری قوم اپنے ان عظیم ہیروز کو ہمیشہ عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔میر ظہور بلیدی نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں شہداء کے جذبہ حب الوطنی کو اپناتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورا پاکستان اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ وطن عزیز کی سلامتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گےانہوں نے یومِ دفاع و شہداءکے موقع پر شہداءکے اہلِ خانہ سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداءکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔پاکستان کے شہداءاور غازیوں کو سلام، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے۔





