بلوچستان میں امن ، عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی ریاست کی ترجیحات کا محور ہیں، فیلڈ مارشل

بلوچستان میں امن ، عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی ریاست کی ترجیحات کا محور ہیں، فیلڈ مارشل

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

چیف آف آرمی سٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور امن کے قیام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن اور خوشحالی ریاست کی ترجیحات کا محور ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوئٹہ پہنچے تو کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے بات چیت کی اور صوبے میں جاری آپریشنل معاملات کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کو بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، فوج کی آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ اداروں کے مابین باہمی رابطہ کاری اور صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فوج کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورے کے دوران تعینات دستوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بے لوث جذبے کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ امن کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے مابین مربوط تعاون ناگزیر ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور محفوظ ماحول ہی صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، معاشی مواقع اور عوام کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فرائض کی انجام دہی میں افسروں اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم اور لگن کو سراہا۔ پاک فوج بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے مسلسل آپریشنز میں مصروف ہے۔ صوبے کے قدرتی وسائل اور اسٹریٹیجک اہمیت کے پیش نظر، سی پیک سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے یہاں زیرِ تکمیل ہیں، جن کی کامیابی کا انحصار پائیدار امن پر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے