راولپنڈی :بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرست یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یہ کارروائیاں 6 اور 7ستمبر کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق6 ستمبر کو دہشتگردوں نے خاران میں سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا گھیرا ﺅکیا،فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 7 ستمبر کو واشک کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو موثر انداز میں تباہ کر دیاجبکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی)بنانے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا،دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اپنے بیان میں صدرِ مملکت نے واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا،فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مو¿ثر کارروائی کو سراہا۔وزیراعظم کی جانب سے خاران میں سڑک بلاک کرکے آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔وزیراعظم نے واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے اور 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ شہبازشریف نے کہاکہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔



