ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں صارفین کو 12 ارب روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس اضافے سے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جسے ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بجلی بلوں کے ذریعے وصول کیا جائے گا۔ یعنی صارفین کو مسلسل تین ماہ تک ہر ماہ 52 پیسے فی یونٹ کے حساب سے اضافی رقم ادا کرنا ہوگی اور یہ اضافہ کے-الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام بجلی صارفین پر لاگو ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی تھی جس کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری ملنے پر نیپرا نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا۔




