بلوچستان کے شہر تربت میں آل پارٹیز کیچ کے زیرِ اہتمام اتوار کو ریلی اور احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی اور مظاہرہ ضلع کیچ میں بے امنی، ایرانی سرحد سے تجارت کی مبینہ بندش اور لوگوں کی معاشی مشکلات کے خلاف منعقد کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے شہر کے مختلف شاہراہوں کا گشت کیا اور بعد میں احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ نیشنل پارٹی کے ترجمان علی احمد بلوچ کا کہنا ہے کہ ریلی میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ضلع بے امنی کا شکار ہے اور قتل اور دیگر سنگین بے امنی کے واقعات ایک معمول بن گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جہاں لوگ بے امنی کے واقعات کے باعث پریشانی سے دوچار ہیں وہاں ایران سرحد سے تجارت کی مبینہ بندش نے لوگوں کی مالی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بے امنی کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ایران سے سرحدی تجارت کو معمول کے مطابق بحال کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اگر آل پارٹیز کیچ کے مظالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو احتجاج کے دائرے کو وسیع کیا جائے گا۔






