بشکیک:پاکستان اور کرغزستان نے تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی اور آئی ٹی سمیت متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے ہیں جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اورجمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ بدھ کو وزیرِاعظم شہباز شریف کے اعزاز میں کرغزستان کے صدارتی محل میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔صدارتی محل پہنچنے پر کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کو صدارتی محل آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔دونوں رہنماﺅں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، وزیرِ اعظم کو کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔کرغز صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اپنے وفد کے ارکان سے تعارف کرایا، وزیرِ اعظم نے بھی کرغز صدر سے پاکستانی وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔ بعد ازاں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژا پاروف بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب میں پاکستان اور کرغزستان کی خارجہ امور کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے معاہدہ جبکہ تعلیم کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان منشیات، نشہ آور اشیا اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغز وزارت صحت کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کا معاہدہ بھی ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت، چیمبرز آف کامرس میں تجارت کے فروغ کیلئے تعاون کا معاہدہ کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا، ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔لاہور اور کرغز شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے کی دستاویز کا معاہدہ بھی کیا گیا، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تحقیق کے شعبے میں ایم او یو سائن کیا گیا۔پاکستان اور کرغزستان کے محکمہ ڈاک کے درمیان خدمات اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون اور ملزمان کی حوالگی سے متعلق معاہدہ بھی ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر ژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے، دونوں رہنماں نے مشترکہ اعلامیے کی دستاویز کا تبادلہ کیا۔بعد ازاں دونوں سربراہان حکومت نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اورجمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، لاہور اورکرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے ثقافتی روابط بڑھیں گے، دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کےخلاف مل کر کام کریں گے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اورکرغزستان نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بھی دونوں ممالک میں اتفاق رائے طے پایا، تعلیم، سائنس وٹیکنالوجی اور ثقافت میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے، کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئندہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کے لیے قوانین کو مزید آسان بنائیں گے، دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان کرغزستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزیدوسعت دینا چاہتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے۔اس موقع پر صدر کرغزستان صادر ژا پاروف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان کے ساتھ برادارانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔






