وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بہادری آگ لگانے کا نام نہیں بلکہ مشکل وقت میں چٹان بن کر کھڑے ہونے کا نام ہے، نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
سانحہ 9 مئی کے دوران نذر آتش کی جانے والی ریڈیو پاکستان پشاور کی نو تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ نواز شریف نے دنیا کی مخالفت مول لے کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، جبکہ چاغی کے پہاڑ ہماری بہادری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں، جن پر پاکستانی فخر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کیپٹن شیر خان نے کارگل میں دشمن کے سامنے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا، جس کا اعتراف بھارتی بریگیڈیئر نے بھی کیا۔ بہادری کا مطلب ملک کو مضبوط بنانا ہے، نہ کہ سرکاری املاک کو آگ لگانا۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ وہ گزشتہ 6 سال سے پی ٹی آئی سے پوچھ رہے ہیں کہ ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ کس مطالبے کے جواب میں کہا گیا تھا، لیکن آج تک اس سوال کا جواب نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق جھوٹا بیانیہ بنانا اور جھوٹی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانا پی ٹی آئی کی سیاست کا حصہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف تعمیر و ترقی اور ملک کی مضبوطی کا بیانیہ نہیں بنا سکتی۔ خودمختاری، ترقی اور ملکی سلامتی کی بات ہمیشہ مسلم لیگ ن نے کی ہے۔ یہ سیاسی لوگ ہوتے تو سیاست کرتے، انتشار نہ پھیلاتے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگانے والوں کی دشمنی صرف ریڈیو پاکستان سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے۔ مسلم لیگ ن تعمیر و ترقی جبکہ تحریک انصاف بربادی کی علامت بن چکی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت سے گزشتہ 13 سال کے ایک ایک پیسے کا حساب لیا جائے گا اور صوبے کے عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کو اپنی ذمہ داریاں یاد دلاتے رہیں گے اور اسے فنڈز نہ ملنے کے بہانے کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اربوں روپے کے معاملات کا حساب لیا جائے گا، جبکہ صوبے کی تباہی پر حکومت سے جواب طلب کیا جائے گا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے 13 سال کے دوران صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبے نظر نہیں آتے، صوبائی حکومت گزشتہ 10 سال کے دوران مکمل کیے گئے بڑے منصوبوں کی تفصیلات بتائے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے۔ صوبے میں صحت کی سہولیات ناکافی ہیں اور ڈاکٹرز بھی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ہر ضلع میں اسپتال، کالج اور یونیورسٹیاں بننی چاہییں تھیں۔ عطااللہ تارڑ نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی تباہی و بربادی قبول نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی توجہ صوبے کی تعمیر و ترقی پر مرکوز ہے۔ صوبے میں دانش اسکولز بن رہے ہیں اور وفاق اپنی ذمہ داری پوری کررہا ہے۔






