اسلام آباد:وفاقی حکومت نے اکاﺅنٹس نظام میں 60فیصد خالی مستقل آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے متعلقہ فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکاﺅنٹس افسران کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔کنٹرولر جنرل آف اکاﺅنٹس (سی جی اے)نے وفاقی کابینہ کے 27اگست 2024کے فیصلے کی روشنی میں 60فیصد خالی مستقل آسامیوں کے خاتمے کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔کنٹرولر جنرل آف اکاﺅنٹس کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق رپورٹ کے پیرا 6(i)کے تحت ان آسامیوں کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی جو کم از کم ایک سال سے خالی چلی آرہی ہیں جس کا مقصد رائٹ سائزنگ اور کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد ہے۔مراسلے کے مطابق ختم کی جانے والی آسامیوں میں وہ عہدے شامل نہیں ہوں گے جو تبادلے، پوسٹنگ یا پروموشن کےلuے مختص ہونے کے باعث خالی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ہر کیڈر میں ختم کی جانے والی آسامیوں کو بنیادی طور پر ویکنسی روسٹر کے مطابق ابتدائی تقرری، براہ راست بھرتی کے کوٹے سے منہا کیا جائے گا۔اس حوالے سے تمام فنانشل ایڈوائزرز اینڈ چیف اکانٹس آفیسرز کو اپنے متعلقہ ویکنسی روسٹرز پر نظرثانی یا انہیں تیار کرنے اور پروموشن کیسز اسی کے مطابق پراسیس کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔






