اسلام آباد :سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ اگر فیملی کورٹ کی ڈگری میں نفقہ کی سالانہ اضافے کی شرح تو مقرر ہو لیکن یہ واضح نہ ہو کہ اضافہ کمپاﺅنڈ بنیاد پر ہوگا یا نان کمپانڈ بنیاد پر تو سالانہ اضافہ اصل مقررہ رقم کی بنیاد پر کیا جائے گا، پہلے سے بڑھی ہوئی رقم پر نہیں، عدالت نے تفصیلی تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ فیملی کورٹس ایکٹ 1964ءکی دفعہ 17 اے (3) اس صورت میں لاگو ہوتی ہے جب فیملی کورٹ کی ڈگری میں نفقہ میں سالانہ اضافے کی شرح مقرر نہ کی گئی ہو۔ یہ دفعہ فیملی کورٹ کو 10 فیصد سے زیادہ سالانہ اضافہ مقرر کرنے سے نہیں روکتی۔چیف جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل تین رکنی بنچ نے صادق سبحانی کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ فیملی کورٹ نے 16مارچ 2010ءکی ڈگری میں دونوں بچوں کے لیے ماہانہ 2500، 2500روپے نفقہ مقرر کرتے ہوئے مستقبل میں سالانہ 20فیصد اضافے کا حکم دیا تھا،یہ ڈگری حتمی ہوچکی ہے اور عملدرآمد عدالت اس میں ایسے الفاظ شامل نہیں کرسکتی جو ڈگری میں موجود نہیں۔عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ ڈگری میں سالانہ 20فیصد اضافے کو کمپانڈ بنیاد پر کرنے کا کوئی ذکر نہیں، اس لیے اضافہ ہر سال اصل مقررہ رقم کی بنیاد پر کیا جائے گا۔فیصلے میں کہا گیا کہ 14اپریل 2026ءکے سپریم کورٹ کے فیصلے میں بھی اصول طے کیا گیا تھا کہ جہاں ڈگری کمپانڈ اضافے کے بارے میں خاموش ہو وہاں اضافہ اصل مقررہ رقم تک محدود رہے گا اور ہر سال پہلے سے بڑھی ہوئی رقم پر مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا 11 ستمبر 2025ءکا فیصلہ اس حد تک کالعدم قرار دے دیا جس میں عملدرآمد عدالت کو نفقہ میں سالانہ 20فیصد اضافہ کمپانڈ بنیاد پر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور 14اکتوبر 2024ءکا اپیلٹ کورٹ کا فیصلہ بحال کردیا۔عدالت نے قرار دیا کہ عملدرآمد عدالت کے مطابق جون 2024ءتک درخواست گزار نے 28لاکھ 62ہزار 280روپے نفقہ ادا کیا جبکہ نان کمپانڈ بنیاد پر قابل ادائیگی رقم 17لاکھ 98ہزار روپے بنتی تھی، یوں 10لاکھ 64ہزار 280روپے اضافی ادائیگی ہوئی۔عدالت نے قرار دیا کہ بیٹی جب تک قانون کے تحت نفقہ کی حقدار ہے والد نفقہ ادا کرتا رہے گا جبکہ اس کا حق نفقہ ختم ہونے پر والد اضافی ادا کی گئی رقم کی واپسی کا فیصلہ کرسکے گا۔سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ فیملی کورٹس آئندہ نفقہ مقرر کرتے وقت سالانہ اضافے کی شرح کے ساتھ یہ بھی واضح کریں کہ اضافہ کمپانڈ بنیاد پر ہوگا یا نان کمپانڈ بنیاد پر تاکہ غیر ضروری مقدمات سے بچا جاسکے۔





