اسلام آباد:وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تیسرا سال پاکستان اورعمران خان کی حکومت کی ترقی کا مثالی سال ہو گا، عمران خان کوئی بھی فیصلہ کر سکتاہےلیکن ان کو این آر او نہیں ملے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کی ایکنک سے منظوری ہو گئی،اسی مہینے میں اس کا ٹینڈر جاری کر دیا جائے گااور اس کا سہرہ آرمی چیف اور عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے چین میں ہر میٹنگ میں ایم ایل ون کو اٹھایا، 1870 کلو میٹر 160 کی سپیڈ میں 8 گھنٹے میں لاہور اور کراچی پر ہو گا،150سال پہلے جو ہمیں ٹریک ملا اب تک وہی چل رہا تھا،تمام ٹریک نیا ہو گا اس کو بعد میں 200 کی سپیڈ میں کیا جائے گا،65 سال کے لوگوں کیلئے آدھی ٹکٹ رکھی ہوئی ہے اور 75 سال کیلئے مفت کیا ہوا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مسائل ہیں ہم نے دو سال میں کوشش کی ان کا ازالہ ہو سکے،تیسرا سال پاکستان اورعمران خان کی حکومت کی ترقی کا مثالی سال ہو گا،یہ سب لوگ جو باتیں کر رہے ہیں وہ سب نیب زدہ ہیں،عمران خان کوئی بھی فیصلہ کر سکتاہےلیکن ان کو این آر او نہیں ملے گا،ان کی خواہشوں پر پانی پڑے گا،وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں نے کہاتھااے پی سی عید کے بعد محرم اور پھر ربیع الاول ہو گی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے بہت سے لوگ نا اہل ہوتے دیکھ رہا ہوں،حکومتی جماعت میں کوئی ہوں گے تو "اکادوکا”ہوں گے،شہباز شریف اورحمزہ شہباز کا کیس سیریس دیکھ رہا ہوں،کسی نے مریم نواز سے نہیں پوچھا وہ اتنا عرصہ خاموش کیوں رہیں،مریم نوازکا ایک ہی مقصد تھا ان کو لندن جانے دیا جائے، انہیں جب نظر آگیا عمران کےہوتے باہرنہیں جاسکتی تو ادارے پر حملہ کردیا، اپنی زندگی میں ایساجلوس نہیں دیکھاجو گھر سے پتھروں کے توڑے لائے ہوں۔ شیخ رشیدنےمزید کہا کہ پہلی دفعہ حکومت میں پاک فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں،دونوں اکٹھے چل رہے ہیں اور ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں،آرمی چیف گئے تھے سعودیہ عرب جو کوئی مسئلہ تھا وہ بھی حل ہوا ہے، سعودیہ عرب کیلئے عمران خان نے بڑی بات کی ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا،کوئی بھی جرات نہیں کر سکتا کہ پاکستان کی ریاست میں آپ اسرائیل کی بات کر سکیں۔






