غیرسرکاری تنظیم نے بتایا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے سخت ناقد الیکسی ناوالنی کو مبینہ طور پر زہر دیے جانے پر علاج کے لیے خصوصی ایئر ایمبولینس کے ذریعے جرمنی پہنچایا دیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سینما برائے امن این جی او کے سربراہ جاکا بِلجج نے بتایا اپوزیشن رہنما کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ غیر سرکاری تنظیم کے زریعے چارٹرڈ کرائے گیا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8:47 بجے برلن کے ٹیجل ہوائی اڈے پر اترا جہاں سے الیکشی ناوالنی کو ممکنہ طور پر علاج کے لیے چیریٹ ہسپتال منتقل کیا جانا تھا۔ دوسری جانب الیکسی ناوالنی کے معاونین کا کہنا ہے کہ انہیں یقینی طور پر زہر دیا گیا۔ انہوں نے روسی صدر کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ پر چائے کے کپ میں زہر شامل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں روسی ڈاکٹروں کے مطابق طبی ٹیسٹ میں کسی زہر کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ واضح رہے کہ وہ سائبیریا کے شہر اومسک کے ایمرجنسی ہسپتال نمبر ایک میں ٹوکسیکولوجی مریضوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں تھے۔ اومسک میں الیکسی ناوالنی کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے انہیں رخصت کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن رہنما کے اہل خانہ اور عملہ کے مطالبے کے بعد انہیں جرمنی جانے کی اجازت دی گئی۔جب مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے طیارہ اومسک سے نکلا تو نوالی کی اہلیہ یولیا نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انھیں ڈھانپے ہوئے اسٹریچر پر لے جایا گیا اور حامیوں کے ’تعاون‘ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
