پاکستان میں نئے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 16 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 415 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 9 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 376 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 53 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 283 ہو گئی۔ کورونا وائرس کے ملک میں 8 ہزار 833 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 644 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 79 ہزار 937 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 29 ہزار 81 ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 394 ہو گئیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 96 ہزار 636 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 195 ہو گئیں۔ خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 35 ہزار 923 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 250 ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 578 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 175 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
