نوکنڈی(نامہ نگار) بارہ ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ ملک بھر کی طرح نوکنڈی میں بھی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس جامعہ مسجد غوثیہ سے قاری نوراللہ قادری،مولانا برکت علی ودیگرعلماء کرام کی قیادت میں نکالا گیا۔ جلوس میں ہزاروں عاشقان رسول نے شرکت کی۔جلوس بائی پاس روڈ اورمین شاہراہ سے ہوتی ہوئی بازار کے چوک پر پہنچی۔ جہاں جلوس کے شرکاء کی طرف سے آمد مصطفیٰ مرحبامرحبا،نعت ،دورود وسلام کی صداؤں سے فضا گونج اٹھی۔اس موقع پر مولانا برکت علی،قاری نوراللہ قادری، محمداقبال تبسم و دیگر نے آپﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 12ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ منانے سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اوردونوں جہانوں کی خوشیا ں حاصل ہوتی ہیں آپﷺ کایوم ولادت منا کر اہل ایمان نہ صرف اپنے دین و ایمان اور قلب وروح کی تازگی کا سامان کرتے ہیں بلکہ رحمت العالمین ﷺ کی آمدباسعادت پر خوشیاں مناتے ہیں اور اس احسان ِ عظیم پر اﷲ پاک کا شکر بجا لاتے ہیں ﷲ تعالیٰ نے ذکر مصطفیٰ کو عظمتیں اور رفعتیں عطاکی ہیں۔ایک مسلمان کا ایمان اُس وقت تک کامل نہیں ہوتا جب تک وہ اپنے ماں باپ سے بھی بڑھ کر حضور نبی کریم ﷺ سے الفت وعقیدت نہ رکھے یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی مسلمان حضور ﷺ کی شان ِ اقدس میں ذرا بھر گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔مقررین نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے بیان کا شدید الفاظ میں مذمت کی۔محفل میلاد کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی وخوشحالی، دین اسلام کی سر بلندی کے لئے خصوصی دعا ئیں مانگیں گئی۔اس موقع پر لیویز فورس کی طرف سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔بعدازاں غوثیہ مسجد زورآباد میں لنگر بھی تقسیم کی گئی۔
