اسلام آباد : ترجمان نواز شریف اور مریم نواز محمد زبیر کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) قادر بلوچ کو نواز شریف کے فوج سے متعلق بیانیہ سے کوئی اختلاف نہیں تھا۔ ترجمان مریم نواز شریف اور میاں نواز شریف ، محمد زبیر کا بیانمیں کہنا ہے کہ جنرل (ر)قادر بلوچ اور ثنا اللہ زہری کی پارٹی چھوڑنے کی بتائی گئی وجوہات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،کوئٹہ کے جلسے سے قبل جنرل قادر بلوچ ہمارے سے ملے تھے جس میں ، میں طلال چوہدری اور مصدق ملک ملاقات میں موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ جنرل قادر بلوچ نے کہا کہ جو نواز شریف نے فوج کے حوالے سے گوجرانوالہ میں کہا وہ اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔جنرل قادر بلوچ کا صرف ایک مسئلہ تھا،جنرل قادر بلوچ چاہتے تھے کہ ثنا اللہ زہری جلسے میں اسٹیج پر تشریف لائیں ، اس پر اختر مینگل نے اعتراض کیا تھا۔ مسلم لیگی رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ اختر مینگل اور ثنا اللہ زہری کی آپس میں دشمنی ہے، ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر عدم اتحاد نہیں چاہتے تھے، انہوں نے کہا کہ ہم نے جنرل قادر بلوچ کو سمجھایا ،یہ حقیقت سے باکل دور ہے کہ ان کو نواز شریف کے فوج سے متعلق بیانیہ سے کوئی اختلاف تھا اگر انھیں بیانیہ سے اختلاف ہوتا تو وہ 24 اکتوبر کو مریم کا استقبال کرنے کوئٹہ میں موجود نہ ہوتے۔ اس سے قبل سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور جنرل (ر) قادر بلوچ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کے بیانیے سے خود کو الگ کرتے ہوئے استعفی دینے کا اعلان کیا تھا۔






